غیر مقلد اور اہلِ حدیث میں فرق |
تقریر: محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ جمع و ترتیب: حافظ معاذ بن زبیر علی زئی حفظہ اللہ ❀ غیر مقلد کا مطلب ہے تقلید نہ کرنے والا جو کہ لفظی ترجمہ ہے۔ ❀ اہلِ حدیث کا مطلب ہے حدیث والا اور یہ لفظی ترجمہ ہے۔ اب تشریح درج ذیل ہے: ❀ تقلید کسے کہتے ہیں؟ تقلید کہتے ہیں: آنکھیں بند کر کے بے سوچے سمجھے اور بغیر دلیل کے کسی کی پیروی کرنا۔ ❀ ’’بے دلیل‘‘ کا کیا مطلب ہے؟ بے دلیل کا مطلب ہے کہ 1: قرآن نہ ہو، کیوں کہ قرآن تو دلیل ہے۔ 2: حدیث بھی نہ ہو، کیونکہ حدیث بھی دلیل ہے۔ 3: اجماع نہ ہو۔ یہ بھی دلیل ہے۔ اسی طرح اور بھی ہیں، مثلاً: 4: عامی کا مفتی کی طرف رجوع کرنا 5: قاضی کا گواہی سن کر فیصلہ کرنا اس کو چھوڑ کر چھٹی چیز ہے: بغیر دلیل کے کسی کی پیروی کرنا اور یہ تقلید ہے۔ ❀ غیر مقلد اسے کہتے ہیں جو بے سوچے سمجھے، بغیر دلیل کے آنکھیں بند کر کے کسی کے پیچھے نہ چلے۔ تو غیر مقلد ایک لفظ ہے جس کا معنی ہے: تقلید نہ کرنے والا۔ کیا یہ کتاب و سنت پر عمل کرنے والا بھی ہے یا نہیں؟ یہ ثابت نہیں۔ ❀ اہلِ حدیث کہتے ہیں حدیث والے کو۔ حدیث والے دو طرح کے لوگ ہیں: 1: محدثینِ کرام جنھوں نے احادیث سنیں، احادیث لکھیں، حدیثوں کو یاد رکھا، انھیں پڑھایا اور حدیثوں کے مدرسے چلائے تھے۔ 2: دوسرے لوگ حدیث پر عمل کرنے والے ہیں۔ میں یہ بات اپنی طرف سے نہیں کہہ رہا۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے اپنے فتاویٰ میں یہ بات بیان فرمائی ہے کہ اہل حدیث دو قسم کے لوگ ہیں۔ (مجموع فتاویٰ ابن تیمیہ ج 4ص 95، ماہنامہ الحدیث حضرو: 29 ص 32) اب یہ جو محدثین تھے۔ یہ جو حدیث پر عمل کرنے والے تھے۔ ان کا منہج کیا تھا؟ یہ کس طرح عمل کرتے تھے؟ یہ لوگ قرآن کو مانتے تھے۔ حدیث کو مانتے تھے۔ اجماع کو مانتے تھے۔ یہ لوگ سلف صالحین کے فہم پر کتاب و سنت پر عمل کرتے تھے۔ اپنی مرضی کے مطابق قرآن و حدیث پر عمل نہیں کرتے تھے، بلکہ جو صحابہ، تابعین، سلف صالحین سے ثابت ہوتا تھا۔ تو اہلِ حدیث اس کو کہتے ہیں جو قرآن، حدیث اور اجماع کو حجت سمجھتا ہے۔ اور قرآن و حدیث پر سلف صالحین کے فہم کی روشنی میں عمل کرتا ہے۔ اور اسی طرح سارے صحابہ کرام سے محبت کرتا ہے۔ صحابہ کرام کی گستاخی نہیں کرتا۔ جتنے بھی ثقہ تابعین تھے، جتنے بھی ثقہ قابلِ اعتماد تبع تابعین تھے، ان سے محبت کرتا ہے، ان کا احترام کرتا ہے۔ کسی کی گستاخی نہیں کرتا۔ سلف صالحین کے منہج اور فہم پر ہوتا ہے۔ باقی جو باتیں بھی ہیں، مثلاً الله تبارک وتعالیٰ سات آسمانوں سے اوپر عرش پر مستوی ہے۔ ساری صفات کو کما یلیق بشانہ کما یلیق بجلالہ مانتا ہے وہ اہلِ حدیث ہے۔ بھائیو! غیر مقلد علیحدہ چیز ہے۔ اہلِ حدیث وہ ہیں جو تقلید کے بغیر کتاب و سنت پر سلف صالحین کے منہج کی روشنی میں عمل کرتے ہیں۔ [آپ ہماری موبائل ایپ کے ویڈیوز والے سیکشن میں اسی عنوان سے اصل ویڈیو دیکھ سکتے ہیں] ……… حوالے ……… تقلید کے لغوی معنی کے لئے دیکھئے القاموس الوحید (ص 1346) تقلید کے اصطلاحی معنی/مفہوم کے لئے دیکھئے کتاب الفنون لابن عقیل (3/ 604 بحوالہ ماہنامہ التوحید ص 9 جولائی 2006ء) وغیرہ۔ عامی کا مفتی کی طرف رجوع کرنا اور قاضی کا گواہی سن کر فیصلہ کرنا کے لئے دیکھئے حنفیوں کی معتبر کتا ب’’مسلم الثبوت‘‘ (ص 289 طبع 1316ھ و فواتح الرحموت ج 2 ص 400) نیز دیکھئے دین میں تقلید کا مسئلہ (ص 84) وغیرہ |
ہماری موبائل ایپ انسٹال کریں۔ تحقیقی مضامین اور تحقیقی کتابوں کی موجودہ وقت میں ان شاء اللہ سب سے بہترین ایپ ہے، والحمدللہ۔
دیگر بلاگ پوسٹس:
Android App --or-- iPhone/iPad App
IshaatulHadith Hazro © 2024