مدلس اور تدلیس کی وضاحت |
تقریر: محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ جمع و ترتیب: حافظ معاذ بن زبیر علی زئی حفظہ اللہ سوال کیا گیا کہ ’’مدلس اور تدلیس کی وضاحت کریں‘‘۔ ……… الجواب ……… مدلس اُس راوی کو کہتے ہیں جو اپنے استاد سے ایسی حدیث بیان کرتا ہے جو اُس نے اپنے استاد سے سنی نہیں ہوتی، لیکن یہ نہیں کہتا کہ ’’میں نے سنی ہے‘‘۔ ایسے الفاظ استعمال کرتا ہے کہ: ❀ ’’میرے استاد نے کہا‘‘ ❀ ’’فلاں نے کہا‘‘ ہمارے علاقے کا ایک آدمی تھا۔ وہ مدلس تھا۔ وفات پا چکا ہے۔ ایک آدمی مکان پر چڑھا اور اپنے بھتیجے کو گالیاں دینے لگا۔ اس کا بھتیجا آگیا۔ ہمارے ہاں باپ کے بھائی کو ’’کاکا‘‘ کہتے ہیں۔ آپ کے ہاں بچے کو کاکا کہتے ہیں لیکن ہمارے ہاں پشتو میں اور ہندکو میں بڑے کو کاکا کہتے ہیں۔ بھتیجے نے کہا: کاکا! کیا بات ہے؟ کاکا جی بڑی مشکل سے نیچے اترے۔ اور کہنے لگے: تُو نے مجھے حضرو کی منڈی میں جا کر گالیاں دی ہیں۔ بھتیجے نے کہا کہ میں نے تو گالیاں نہیں دیں۔ کاکا نے کہا کہ تُو ایسا کہتا ہے، تُو ویسا کہتا ہے۔ کاکا اُسے اُس آدمی کے پاس لے گیا جس نے یہ بات کہی تھی۔ بھتیجے نے پوچھا کہ میں نے کدھر اپنے چاچا کو گالیاں دی ہیں؟ وہ آدمی کہنے لگا کہ میں نے سنا ہے، منڈی میں لوگ کہہ رہے تھے تو میں نے بیان کر دیا۔ جاؤ! تم کیا تحقیق کرتے ہو۔ تو ایسا راوی مدلس ہوتا ہے۔ کہ وہ سنی سنائی باتیں بیان کر دیتا ہے۔ اللہ کے فضل سے مدلسین کی تعداد کافی کم ہے۔ یہ تھوڑے سے تین چار سو آدمی ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں راوی مدلس نہیں تھے۔ صرف تھوڑے سے تین چار سو آدمی مدلس تھے۔ اس بارے میں میری ایک کتاب مکتبہ اسلامیہ سے عربی زبان میں چھپ چکی ہے اور اس کا نیا ایڈیشن بھی آنے والا ہے۔ ان شاء اللہ ویسے آج کل جتنے لوگ بھی ہیں۔ اور اس مجلس میں جتنے لوگ بھی بیٹھے ہیں۔ آپ سب بھی مدلس ہیں۔ وہ کس طرح؟ آپ میں سے کوئی سنتا ہے کہ فلاں سیاست دان مارا گیا۔ جلوس دیکھتا ہے یا اخبار پڑھتا ہے۔ تو باہر اس کی جس سے بھی ملاقات ہوتی ہے وہ اسے کہتا ہے کہ فلاں سیاست دان مارا گیا۔ یہ نہیں کہتا کہ میں نے فلاں اخبار میں پڑھا ہے۔ سند بیان نہیں کرتا۔ اللہ تعالیٰ محدثین کی قبروں کو نور سے بھر دے کیونکہ انھوں نے بہت زیادہ تحقیق کی ہے۔ ……… اصل ویڈیو ……… اصل ویڈیو اسی عنوان سے اشاعۃ الحدیث موبائل ایپلیکیشن میں ویڈیوز والے سیکشن میں موجود ہے۔ ……… حوالے ……… عربی کتاب کا نام ’’الفتح المبین فی تحقیق طبقات المدلسین‘‘ ہے اور اس کتاب کا جدید ایڈیشن اچھے پرنٹ میں اشاعت الحدیث موبائل ایپ میں آن لائن پڑھنے کے لئے دستیاب ہے! |
ہماری موبائل ایپ انسٹال کریں۔ تحقیقی مضامین اور تحقیقی کتابوں کی موجودہ وقت میں ان شاء اللہ سب سے بہترین ایپ ہے، والحمدللہ۔
دیگر بلاگ پوسٹس:
Android App --or-- iPhone/iPad App
IshaatulHadith Hazro © 2024