موت سے پہلے ’’لا إلہ إلا اللہ‘‘ پڑھنا |
تقریر: محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ جمع و ترتیب: حافظ معاذ بن زبیر علی زئی حفظہ اللہ امام ابو زرعہ رازی امام احمد بن حنبل کے خاص شاگردوں میں سے ہیں اور ان کی تعریف میں رطب اللسان تھے۔ امام ابو زرعہ رازی وہ عظیم الشان محدث ہیں جنھوں نے اپنی وفات کے وقت، جب اس دنیا سے جا رہے تھے، موت کا وقت تھا، تو حاضرین میں سے کسی نے کہا کہ انھیں کلمہ یاد کرانا چاہئے۔ یعنی مرتے وقت ’’لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللہِ‘‘ پڑھ لیں۔ کلمہ پڑھ لیں۔ یہ نزع کی حالت میں ہیں۔ بالکل آخری وقت ہے۔ سکرات الموت میں ہیں۔ تو اس حالت میں انھوں نے پھر یہ حدیث پڑھی ہے۔ اپنا سر اٹھا کر پڑھا ہے کہ: حدثنا محمد بن بشار، قال حدثنا ابو عاصم، قال حدثنا عبدالحمید بن جعفر، عن صالح بن ابی عریب، عن مکحول، عن کثیر بن مرہ، عن معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ۔ پھر آگے حدیث پڑھی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ((مَنْ کَانَ اٰخِرُ کَلَامِہِ لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ دَخَلَ الْجَنَّۃَ)) جس آدمی کا مرتے وقت آخری کلام ’’لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللہُ‘‘ ہو گا وہ جنت میں داخل ہو جائے گا۔ یہ کہا اور سر رکھ دیا۔ روح نکل گئی۔ یہ ’’دخل الجنۃ‘‘ ان کا آخری کلمہ تھا۔ یہ کلمہ کہہ کر وفات پاگئے۔ ویسے یہ الفاظ اس آدمی کے لئے ہیں جو پہلے کفر اور شرک نہ کرتا ہو۔ اگر کفر اور شرک کرتا تھا اور مرتے وقت کلمہ پڑھتا ہے تو جب تک کفر سے شرک سے براءت نہیں کرے گا تو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ یہ یاد رکھئے گا۔ کوئی مرزائی اگر مرتے وقت کلمہ پڑھتا ہے تو اس کو کوئی فائدہ نہیں جب تک مرزا قادیانی سے براءت کا اعلان نہیں کرے گا۔ ……… اصل ویڈیو ……… اصل ویڈیو اسی عنوان سے اشاعۃ الحدیث موبائل ایپلیکیشن میں ویڈیوز والے سیکشن میں موجود ہے۔ ……… حوالے ……… سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ والی حدیث کے لئے دیکھئے: سنن ابی داود (3116) مسند الامام احمد (5/ 247) وإسنادہ حسن، وصححہ الحاکم (1/ 351، 500) ووافقہ الذھبی وللحدیث شواھد عند ابن حبان (موارد: 719) وغیرہ۔ امام ابو زرعہ الرازی رحمہ اللہ کی تاریخ وفات 264 ہجری ہے اور آپ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ (متوفی 241ھ) کے مشہور شاگردوں میں سے ہیں۔ |
ہماری موبائل ایپ انسٹال کریں۔ تحقیقی مضامین اور تحقیقی کتابوں کی موجودہ وقت میں ان شاء اللہ سب سے بہترین ایپ ہے، والحمدللہ۔
دیگر بلاگ پوسٹس:
Android App --or-- iPhone/iPad App
IshaatulHadith Hazro © 2024