کتاب التوحید لابن خزیمہ، باب 5، حدیث 22 |
ترجمہ، تحقیق و تخریج: حافظ معاذ بن زبیر علی زئی حفظہ اللہ 22: حَدَّثَنَا عَبْدُ اللّٰہِ بْنُ مُحَمَّدٍ الزُہْرِیُّ قَالَ: حَدَّثَنَا سُفْیَانُ، عَنِ الْأَعْمَشِ قَالَ: سَمِعْتُ أَبَا وَائِلٍ یَقُولُ: سَمِعْتُ خَبَّابًا یَقُولُ: ’’ہَاجَرْنَا مَعَ رَسُولِ اللّٰہِ ﷺ نَبْتَغِيْ وَجْہَ اللّٰہِ، فَوَقَعَ أَجْرُنَا عَلَی اللّٰہِ عَزَّوَجَلَّ، فَمِنَّا مَنْ مَضٰی لَمْ یَاْکُلْ مِنْ حَسَنَاتِہِ شَیْئًا، مِنْہُمْ: مُصْعَبُ بْنُ عُمَیْرٍ قُتِلَ یَوْمَ أُحُدٍ وَتَرَکَ بُرْدَۃً، فَإِذَا جَعَلْنَاہَا عَلٰی رَأْسِہِ بَدَتْ رِجْلَاہُ، وَإِذَا جَعَلْنَاہَا عَلٰی رِجْلَیْہِ بَدَا رَأْسُہُ، فَأَمَرَنَا النَّبِيُّ ﷺ أَنْ نَجْعَلَ عَلٰی رِجْلَیْہِ شَیْئًا مِنَ الْإِذْخِرِ، وَمِنَّا مَنْ أَیْنَعَتْ لَہُ ثَمَرَتُہُ فَہُوَ یَہْدِبُہَا‘‘۔ سیدنا خباب (رضی اللہ عنہ) نے فرمایا: ’’ہم نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہجرت کی، ہمارا ارادہ اللہ کا چہرہ (یعنی دیدار) تھا، لہٰذا اللہ تعالیٰ ہمیں اس کا اجر دے گا۔ پس ہم میں سے ایسے لوگ (دنیا سے) گزر گئے جنھوں نے کوئی دنیاوی اجر نہیں لیا۔ ان میں سے مصعب بن عمیر (رضی اللہ عنہ) بھی تھے جو غزوہ اُحد والے دن شہید ہوئے۔ انھوں نے ایک چادر (ترکے میں) چھوڑی، جب ہم اس سے ان کے پاؤں کو چھپاتے تو سر ننگا ہو جاتا اور جب سر چھپاتے تو پاؤں ننگے ہو جاتے تھے، پھر رسول اللہ ﷺ نے ہمیں حکم دیا کہ ہم اذخر گھاس میں سے کچھ ان کے پاؤں پر ڈال دیں۔ ہم میں سے ایسے بھی ہیں جن کا پھل پک چکا ہے اور وہ اسے توڑ کر کھا رہے ہیں۔‘‘ تحقیق: صحیح سفیان بن عیینہ اور اعمش دونوں نے مسند الحمیدی (156) وغیرہ میں سماع کی تصریح کر دی ہے، والحمدللہ۔ تخریج: صحیح البخاري (3897، 6448)، مسند الحمیدی (156)، صحیح ابن حبان (الاحسان: 6980) من حدیث سفیان بن عیینہ بہ۔ صحیح البخاري (3914)، صحیح مسلم (940)، مسند احمد (5/ 109 ح 21058) من حدیث الأعمش بہ۔ رجال الاسناد: 1: خباب بن الارت، ابو عبداللہ التمیمی رضی اللہ عنہ آپ مشہور صحابی ہیں، 37ھ کو فوت ہوئے۔ رضی اللہ عنہ جب آپ بستر مرگ پر تھے اور دوسرے صحابہ کرام آپ کی بیمار پرسی کے لئے تشریف لائے اور کہا کہ اے ابو عبداللہ! آپ کو خوشخبری ہو، آپ اپنے بھائیوں سے کل ملنے والے ہیں، تو آپ رو پڑے اور فرمایا: (وہ جو ہم سے پہلے گزر گئے) انھوں نے اپنے اجروں کا پالیا اور مجھے خوف ہے کہ ہمارے ان اعمال کا اجر وہی چیز ہے جو ہمیں ان کے بعد دی گئی (یعنی دنیاوی فائدے)۔ (المعجم الکبیر للطبرانی: 4/ 55۔ 56 ح 3616، صححہ ابی وشیخی زبیر علی زئی رحمہ اللہ) 2: شقیق بن سلمہ الاسدی الکوفی، ابو وائل آپ کی توثیق وکیع بن الجراح، ابن معین، احمد بن حنبل، عجلی، ابن سعد اور ابن عبد البر وغیرہ نے کی ہے۔ بخاری مسلم نے آپ سے روایتیں لی ہیں۔ مکمل حالات کے لئے دیکھئے حدیث سابقہ: 15 3: سلیمان بن مہران الاعمش الاسدی الکاہلی الکوفی، ابو محمد آپ کی توثیق یحییٰ بن سعید القطان، ابن معین، احمد بن حنبل، ابو حاتم رازی، عجلی، عبداللہ بن داود الخریبی، محمد بن عبداللہ بن عمار الموصلی، ابو بکر بن عیاش، ابن حبان اور خطیب بغدادی وغیرہ نے کی ہے۔ بخاری مسلم نے آپ سے روایتیں لی ہیں۔ مکمل حالات کے لئے دیکھئے حدیث سابقہ: 1 4: سفیان بن عیینہ بن ابی عمران الہلالی الکوفی، ابو محمد آپ 198ھ کو فوت ہوئے۔ آپ کی توثیق ا مام شافعی، ابن معین، عبدالرحمٰن بن مہدی، علی بن المدینی، ابو حاتم رازی، بخاری، عجلی اور نسائی وغیرہ نے کی ہے۔ مکمل حالات کے لئے دیکھئے حدیث سابقہ: 5 5: عبد اللہ بن محمد بن عبدالرحمٰن بن المسور الزہری البصری آپ 256ھ کو فوت ہوئے۔ آپ کی توثیق درج ذیل ائمہ نے کی ہے: 1– ابو حاتم رازی: ’’صدوق‘‘ (الجرح والتعدیل: 5/ 163) 2– نسائی: ’’لا بأس بہ‘‘ (تسمیۃ مشایخ النسائی الذین سمع منھم: ص 28 رقم: 147) 3– دارقطنی: ’’من الثقات قلیل الخطأ‘‘ (العلل: 11/ 317) 4– ابن حجر عسقلانی: ’’صدوق‘‘ (تقریب التہذیب: 3589) 5– مسلم: روی لہ (صحیح مسلم: ح 1801 [دار السلام: 4664]، وغیرہ) 6– ترمذی: حسن حدیثہ (سنن الترمذی: ح 2428) 7– ابن خزیمہ: روی لہ (صحیح ابن خزیمہ: ح 742، وغیرہ) امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ نے فرمایا: قَالَ أَبُو بَکْرٍ: خَرَّجْتُ طُرُقَ ہَذَا الْخَبَرِ فِيْ ’’کِتَابِ الْجَنَائِزِ‘‘ فِيْ بَابِ الِإسْتِدْلَالِ بِأَنَّ الْکَفَنَ مِنْ جَمِیْعِ الْمَالِ۔ میں اس خبرکے طرق ’’کتاب الجنائز‘‘ میں باب ’’اس بات کی دلیل کا بیان کہ کفن سارے مال میں سے ہے‘‘ میں لایا ہوں۔ ……… نوٹ ……… اس مضمون کی نظر ثانی فضیلۃ الشیخ حبیب الرحمٰن ہزاروی حفظہ اللہ نے کی ہے۔ جزاہم اللہ احسن الجزاء یہ مضمون ’’اشاعۃ الحدیث‘‘ موبائل ایپ پر شیئر کیا گیا ہے، اور اس سے پہلے کہیں شائع نہیں ہوا۔ |
ہماری موبائل ایپ انسٹال کریں۔ تحقیقی مضامین اور تحقیقی کتابوں کی موجودہ وقت میں ان شاء اللہ سب سے بہترین ایپ ہے، والحمدللہ۔
دیگر بلاگ پوسٹس:
Android App --or-- iPhone/iPad App
IshaatulHadith Hazro © 2024